69

شاہ رخ خان پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد حسنین کے ’فین‘ ہو گئے، تصویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

کنگسٹن (نیوز ڈیسک ) پاکستان کے نوجوان فاسٹ باﺅلر محمد حسنین نے کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) کے اپنے پہلے ہی میچ میں دھوم مچا دی اور عمدہ کارکردگی کے ذریعے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا کر بالی ووڈ کے کنگ خان کو بھی اپنا مداح بنا لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق محمد حسنین سی پی ایل میں ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے ہیں جس کا مقابلہ سینٹ کٹس اینڈ نیویس پیٹریاٹس سے ہوا جس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد حسنین نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جن میں ہم وطن سینئر بلے باز محمد حفیظ کی وکٹ بھی شامل ہے۔ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کے مالک شاہ رخ خان ہیں جنہوں نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں کلکتہ نائٹ رائیڈرز خرید رکھی ہیں۔ شاہ رخ خان محمد حسنین کی کارکردگی سے اس قدر خوش ہوئے کہ میچ ختم ہونے کے بعد ڈریسنگ روم میں جا کر انہیں گلے لگایا اور ٹیم کی فتح میں کردار ادا کرنے پر مبارکباد پیش کی جبکہ اس موقع پر لی گئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور شائقین کرکٹ اپنی اپنی رائے کا اظہار کرنے میں مصروف ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محمد حسنین کو دریافت کیا اور انہیں ٹیم میں جگہ دی جنہوں نے اپنی کارکردگی کی بدولت آئی سی سی ورلڈکپ 2019ئ کیلئے قومی سکواڈ میں بھی جگہ بنائی تاہم وہ میگا ایونٹ کا ایک میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں