29

کراچی، لیاقت آبادمیں ہندو آبادی کے 100 جھونپڑے جل گئے

کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے باگڑیوں کی کچی آبادی میں آگ لگنے سے 100 سے زائد جھوپڑے جل گئے۔

پولیس کے مطابق آبادی کے ڈھائی سو سے زائد مکینوں کو محفوظ کرلیا گیا ہے جبکہ فائر بریگیڈ کے مطابق لیاقت آباد میں تین ہٹی کے قریب لیاری ایکسپریس وی کے فلائی اوور کے نیچے ندی کنارے ہندو باگڑیوں کی کچی آبادی میں رات ساڑھے 10 بجے آگ لگی ۔

پولیس کے مطابق آبادی کے ساتھ ہی مرکزی شاہراہ پر پولیس چیکنگ میں مصروف تھی کہ آگ کے شعلے دیکھ کر پولیس اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور اس دوران فائر بریگیڈ کو بھی آگ بجھانے کے لیے طلب کرلیا۔

فائر بریگیڈ کے عملے کے پہنچنے اور رات سوا 11 بجے تک آگ بجھانے کی کوششوں تک کچی آبادی کی لگ بھگ ایک سو جھونپڑے جل کر خاکستر ہوگئے تھے تاہم فائر فائٹرز نے 4 سے زائد گاڑیوں کی مدد سے رات گئے تک آگ مکمل طور پر بجھادی۔

فائر بریگیڈ کے مطابق آگ بجھانے کےلئے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی تھی جس پر واٹر بورڈ حکام سے رابطہ کیا گیا۔ ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان کی ہدایت پر واٹر بورڈ کے ٹینکرز کے ذریعے پانی کی کمی پوری کی گئی۔لیاقت آباد تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر لیاقت حیات خان کے مطابق آتشزدگی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے بروقت پہنچ کر پوری آبادی کو خالی کرا لیا تھا اور علاقہ مکینوں کی مدد سے آبادی کے بیشتر مکینوں کا سامان بھی بچا لیا تاہم بیشتر جھونپڑوں کا سامان بھی مکمل طور پر جل گیا۔فائر برگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی پولیس اس سلسلے میں تحقیقات کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں