38

کورونا کے باعث امریکا میں ایمرجنسی نافذ، 50 ارب ڈالر کے پیکج کا بھی اعلان

واشنگٹن: امریکا میں کورونا وائرس کے باعث ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ امریکا میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافے کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے ساتھ وفاقی بجٹ میں سے 50 ارب ڈالر ایمرجنسی ریلیف فنڈ بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ آنے والے 8 ہفتے مشکل کے ہیں جبکہ ہم ابھی سیکھ سکتے ہیں اور اس وائرس کا رُخ بدل سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے تمام اسپتالوں اور دیکھ بھال کرنے والے مراکز میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دیتے ہوئے نجی اداروں کے ساتھ مل کر کووڈ-19 کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کی گنجائش پیدا کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہم اپنے لوگوں کو ان کی دیکھ بھال کی فراہمی کے لیے درکار ہر رکاوٹ کو دور کریں گے یا ان کو ختم کریں گے، کچھ بھی ہو جائے اپنے وسائل کو ہی استعمال کیا جائے گا۔

دوسری جانب امریکی ایوان نمائندگان نے کورونا وائرس ریلیف پیکج منظور کر لیا ہے۔ ریلیف پیکج کے حق میں 363 اور مخالفت میں 40 ووٹ دیئے گئے۔

تاہم اب یہ ریلیف پیکج منظوری کے لیے سینیٹ میں بھیجا جائے گا جو اس کی حتمی منظوری دے گا۔

اس کے علاوہ امریکی صدر نے 26 یورپی ممالک پر سفری پابندی بھی عائد کر رکھی ہے تاہم اس پابندی سے برطانیہ اور آئرلینڈ کو استثنیٰ حاصل ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں کووڈ-19 کے اب تک 2,329 کیسز سامنے آ چکے ہیں جس میں سے صرف 41 مریض صحتیاب ہوئے ہیں جب کہ 50 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں